لاہور(بیورو رپورٹ )
ریلوے حکام کی ہدایت ملک بھر کے تمام ریلوے اسٹیشنز، پلیٹ فارمز اور ٹرینوں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریلوے حکام نے ملک کے تمام ریلوے اسٹیشنز، پلیٹ فارمز اور ٹرینوں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایت کی تھی اور اس حوالے سے تمام ڈویژنز کے ایس پیز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت گئی تھی۔ان احکامات کے بعد تمام ریلوے اسٹیشنز، پلیٹ فارمز اور ٹرینوں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور اسٹیشنز کے داخلی و خارجی راستوں کی چیکنگ مزید بڑھا دی گئی۔سیکیورٹی اقدامات کے تحت ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں کو بی ڈی ایس اور اسپیشل برانچ سے سرچ اور کلیئر کرانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جب کہ ٹرینوں کے واش رومز اور حساس جگہوں کی تلاشی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ سے کراچی جانیوالی جعفرایکسپریس کی ایک بوگی میں دھماکا ہوا، دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور6 افراد زخمی ہوگئے۔
ٹرین میں دھماکا میاں چنوں اور چیچہ وطنی کے درمیان میں ہوا تھا۔ جس کے بعد جعفرایکسپریس کو چیچہ وطنی ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق بوگی کےشیشے توڑ کر جاں بحق اور زخمی افراد کو نکال کر انہیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ریلوے ذرائع نے بتایا کہ دھماکا ٹرین کی اکانومی کلاس کی بوگی نمبر 6 میں ہوا تھا تاہم نوعیت معلوم نہیں ہوسکی۔