لاہور (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے استعفے منظور کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنماﺅں فواد چوہدری ، شاہ محمود قریشی پرویز خٹک ،اسد عمر سمیت 70 ارکان نے درخواست دائر کی ہے ، دائر درخواست میں سپیکر قومی اسمبلی ،الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔دائر درخواست میں پی ٹی آئی ارکان نے موقف اختیار کیا کہ سپیکر نے استعفے منظور کرنے سے پہلے ارکان کا موقف نہیں لیا ، الیکشن کمیشن نے استعفے منظور ہونے کے بعد ممبران کو ڈی نوٹیفائی کردیا لہٰذا عدالت پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے ۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کو متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات کے انعقاد سے روکنے کا حکم دے۔یاد رہے کہ 2فروری کوبھی تحریک انصاف کے 43ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا ۔