اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم کے معاون خصوصی عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان چاہتے ہیں عدالتی کارروائی زمان پارک میں چلے ،ضمانت کےلئے عدالت تو جانا پڑے گا ،چیئر مین پی ٹی آئی باقی سب کاموں کےلئے فٹ ہیں ، بس عدالتوں میں پیش نہیں ہوسکتے ،عمران خان کےلئے میڈیکل بورڈ بنانا چاہیے ،نعرے جیل بھرو تحریک چلانے کے لگاتے ہیں اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے ،پی ٹی آئی سیاسی بیانیے کی خاطر پاکستان کے تعلقات خراب کررہی ہے ،عمران خان سے بڑا پیسے کا غلام نہیں ۔ میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے عطاءتارڑ نے کہاکہ توشہ خانہ، ٹریان کیسز میں گرفتاری سے بچنے کےلئے صحت کا بہانہ کیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ 2جھنڈے لگا کر شام کو قوم سے خطاب کرتے ہیں، یہ سمجھتے ہیں میں ابھی بھی وزیراعظم ہوں۔ انہوںنے کہاکہ جھوٹی میڈیکل رپورٹ بنی گالہ میں بنانے کی کوشش کی گئی، اب زمان پارک میں ڈاکٹرز کی ٹیم کو بلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ ہٹے کٹے ،بالکل صحت مند ہیں، عدالتوں کا نام سن کر آپ کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ سنا ہے گزشتہ روز جیل کے خوف سے تھوڑے سے آنسو بھی نکلے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ 6بار سماعت ملتوی کی ہے ، میڈیکل بورڈ کیوں نہیں بنایا جاتا ۔ معاون خصوصی نے کہاکہ پاکستان کے بہترین طبی ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنایا جائے اور تحقیقات کی جائیں، اگر میڈیکل بورڈ بن گیا تو سب کھل کر سامنے آجائے گا۔انہوںنے کہاکہ میڈیکل بورڈ بنایا جائے، میڈیکل بورڈ بنے گا تب انصاف ہوگا، جب تک میڈیکل بورڈ نہیں بنے گا عمران خان راہ فرار اختیار کریں گے۔عطاتارڑ نے کہا کہ عمران خان سے بڑا پیسے کا کوئی غلام نہیں۔ انہوںنے کہاکہ جیل بھرو تحریک بھی ویسی ہی ہے جیسی امریکی سازش ہے، اگر آپ نے جیل بھرو تحریک پر عملدرآمد کرنا ہوتا تو اس طرح ترلا منت نہ کی جاتی۔