کراچی(نمائندہ خصوصی) ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ کاروباری طبقہ اپنا سرمایہ ملک کی معیشت پر خرچ کرتا ہے، حکومت اور اسٹیک ہولڈرز ملک کی خدمت میں پیش پیش ہیں، کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کراچی کی خدمت کررہی ہے، اربن فاریسٹ ہم سب کا خواب ہے جلد ہی اس خواب کی تعبیر نظر آئے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر دفتر میں کاٹی کے عہدیداران اور ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر کاٹی کے صدرفراز الرحمن، نائب صدرمسلم ایس محمدی، زبیر چھایا، زاہد سعید اور دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ صنعتکار اور تاجر ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،ایس ایم منیر روڈ کو مثالی روڈ بنائیں گے،کورنگی انڈسٹریل زون کی طرف آنے والی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی ضرورت ہے،کورنگی انڈسٹریل ایریا سے اربوں روپے کا ٹیکس حکومت کو دیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ کازوے پر کون کچرا پھینک رہا ہے اس کی تلاش میں ہوں، کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او سے اس مسئلے پر بات کروں گا، بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے میری تمام تر کوششیں کاٹی کے ساتھ ہوں گی،شاہراہ فیصل کو مزید بہتر بنانے کے لیے منفرد طریقہ کار اپنانے کی ضرورت ہے، شہر کے تمام چوراہوں کو خوبصورت اور سرسبز بنانے جارہے ہیں، مسائل کو حل کرنے میں کچھ مشکلات درپیش ہیں مگر انہیں حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، میں اور میری ٹیم کاٹی کی ترقی کے لیے کوشاں ہے، مون سون کے آغاز سے قبل برساتی نالوں کی صفائی ترجیحات میں شامل ہے، اس کے علاوہ ملیر ندی پر سبزہ کاری کا سلسلہ جلد شروع کیا جائے گا، میں کاٹی کے ممبران کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس صنعتی زون کو آباد کیا اگر یہ ویران ہوگیا تو ملکی مسائل میں اضافہ ہوگا، بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی، ڈی ایم سیز ا ور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو شامل کریں گے، کراچی کے تمام انڈسٹریل زونز میں اضافی فائر ٹینڈرز فراہم کیے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر قابو پایا جاسکے، اس موقع پر کاٹی کے صدر فراز الرحمن اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ جام صادق پُل کو ختم کر کے نیا پُل بنانے کا منصوبہ زیر غور ہے جسے فوری طور پر عملی جامہ پہنایا جائے، انہوں نے کہا کہ ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، کراچی کے مسائل کے لیے مستقل حل فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،ہم ایس ایم منیر روڈپر تمام چوراہوں کو خوبصورت بنانے کے لیے کام کررہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ریاست کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں، انہوں نے کہا کہ ہم ایس ایم منیر روڈ کو یلو لائن کے لیے استعمال ہونے نہیں دیں گے، بہتر ہے کہ حکومت اس منصوبے کے لیے سینٹرل آئی لینڈ کو استعمال کرے کیونکہ اس روڈ پر پہلے ہی ہیوی ٹریفک کا دباو زیادہ ہے اور ہمارے موقف سے ورلڈ بینک متفق ہے، انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن کا شکریہ ادا کیا کہ اضافی فائرٹینڈرز اور عملے کی فراہمی سے کورنگی کے صنعتی علاقے کی فیکٹریوں میں آگ لگنے کے مختلف واقعات پر تیزی سے قابو پانے میں مدد مل رہی ہے گزشتہ سال 400 سے زائد آگ لگنے کے واقعات میں فوری طور پر قابو پالیا گیا، اس موقع پر کا ٹی کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹرسیدسیف الرحمن کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔