لاڑکانہ( رپورٹ محمد عاشق پٹھان) لاڑکانہ ڈویژن کے کمشنر گھنور علی لغاری نے لاڑکانہ ڈویژن میں مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں بالخصوص افغان باشندوں کی واپسی کے لیے کوششیں تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ڈویژن کے اندر مقیم چائنیز باشندوں کی سکیورٹی کو مزید سخت کرکے ان کے اعدادوشمار اکٹھی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، کمشنر نے یہ ہدایات اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں منعقدہ ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں جس میں لاڑکانہ کے پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور پولیس افسران نے اجلاس کو اپنے اپنے اضلاع کی سکیورٹی کے بارے میں بریفنگ دی، کمشنر نے کہا کہ ڈویژن کے اندر غیر قانونی رہائش اختیار کیے ہوئے غیر ملکی بالخصوص افغان باشندوں کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں اور ان کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ڈویژن سے متعلقہ سرحدوں کی حفاظت کو مزید سخت کیا جائے تاکہ غیر قانونی غیر ملکی یہاں نہ آسکیں، کمشنر لاڑکانہ نے کہا کہ ڈویژن میں رہنے والے اور مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی باشندوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جائیں، ان میں سے کتنے یہاں رہتے ہیں اور کہاں کام کرتے ہیں اور ان کی سیکیورٹی مزید سخت کی جائے، انہوں نے کہا کہ چینی یہاں مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، ان کی سیکیورٹی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ رابعہ سیال، ڈپٹی کمشنر کشمور کندھ کوٹ منور علی مٹھانی، ڈپٹی کمشنر قمبر اور دیگر موجود تھے جبکہ کچھ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے بھی شرکت کی۔