ریاض (نمائندہ خصوصی )سعودی عرب نے فلسطین کی مقبوضہ سرزمین میں آبادکاری کو ایک مرتبہ پھر مسترد کردیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے مملکت کی جانب سے آباد کاری کو مسترد کرنے اور اسرائیلی حکام کی بین الاقوامی قراردادوں سے وابستگی کی اہمیت کا اعادہ کیا ہے ۔ سعودی عرب نے ایسے یکطرفہ اقدامات نہ اٹھانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ان اقدامات سے امن عمل کی بحالی کے امکانات کو نقصان پہنچے گا۔ سعودی وزارت خارجہ نے بین الاقوامی جواز اور عرب امن اقدام کی قراردادوں کے مطابق فلسطینی کاز کی حمایت میں سعودی عرب کے موقف کی بھی توثیق کی۔ سعودی عرب نے 1967 کی سرحدوں پر مشرقی القدس کے دار الحکومت کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے اپنے موقف کا بھی اعادہ کیا ہے۔