اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن میں چیلنج کر دیاگیا ،حلقہ این اے باسٹھ سے امیدوار عظمت مبارک ایڈووکیٹ نے شیخ رشید کے کاغذات کو چیلنج کیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے ضمنی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کا اقدام چیلنج کر دیا گیا،درخواست گزار کے مطابق شیخ رشید پر سنگین نوعیت کے الزمات ہیں اور انہوں نے اثاثے مکمل طور پر ظاہر نہیں کیے، آر او نے درست جانچ پڑتال نہ کرکے الیکشن کمیشن کے صاف شفا، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔درخواست گزار عظمت مبارک کے مطابق شیخ رشید پر متعدد کریمنل کیسز درج ہیں، کوئی امیدوار اگر فوجداری مقدمات میں ملوث ہے تو الیکشن نہیں لڑ سکتا، مری اسلام آباد کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی مقدمات ہیں جبکہ لال حویلی کی ملکیت کا ثبوت بھی نہیں۔عظمت مبارک ایڈووکیٹ کے مطابق اداروں سے آر او نے جانچ پڑتال نہیں کروائی، اسکروٹنی کے عمل میں امیدوار کا پیش ہونا مقررہ وقت پر ضروری ہے، شیخ رشید کے نامزدگی کاغذات کی منظوری سے دباﺅ کا تاثر نظر آتا ہے۔