کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان جیل بھرو تحریک پر جلد یو ٹرن لیں گے ، یہ لوگ ایک دن جیل جاتے ہیں تو رونا دھونا شروع کر دیتے ہیں،عمران خان غیر سیاسی دماغ ہیں ، اعلان پہلے کردیتے ہیں ، سوچتے بعد میں ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان میں ہمت ہے تو سب سے پہلے خود گرفتاری پیش کریں ،عمران خان کو سندھ میں گرفتاری دینے کی پیش کش کرتے ہیں ، لانڈھی جیل میں ان کی خوب خاطر توازہ کریں گے ، شرجیل انعام میمن نے مزید کہاکہ عمران خان اور اس کے حواری جیل بھرو نہیں ، جیب بھرو تحریک کے ماہر ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ گندم ، ادویات ، تیل اور چینی اسکینڈلز سے عمران خان اور ان کے گوگوں اور گوگیوں نے اپنی جیبیں بھریں ، عمران خان نیازی نے شوکت خانم کے چندے کے پیسوں کو نہیں چھوڑا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان نے عدالت میں خود اعتراف کیا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کے 30 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری میں استعمال کئے ۔وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہاکہ حد یہ کہ کہتا ہے کہ اس کے ذمہ دار شوکت خانم ٹرسٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز پر عائد ہوتی ہے ، صوبائی وزیر نے کہا کہ آج ملک کے حالات جس نہج پر پہنچ گئے ہیں ان کا ذمہ دار کوئی اور نہیں عمران خان ہے، اپنا پونے چار سالہ حکومتی دور پاکستان کے مسائل پر توجہ دینے کے بجائے ، مخالفین کو نشانہ بنانے پر صرف کئے۔ وزیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان نے کیا جس پر بعد میں یو ٹرن لیا ،موجودہ مخلوط حکومت عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدوں پر عملدرآمد کروا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان آج بھی لاڈلا بنا ہوا ہے ، عدالتوں میں ان کے خلاف اوپن اینڈ شٹ کیس موجود ہیں ،ان پر میرٹ پر فیصلے آجائیں تو عمران خان اور ان کا سارہ ٹبر نا اہل ہو جائے ۔