کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمارا وطن پاکستان عظیم تہذیب اور ثقافت کی دھرتی ہے ، ہمارا کلچر امن ، محبت اور بھائی چارے پر مبنی ہے ، ہماری ثقافت میں انتھاپسندی ، دھشتگردی اور بد اخلاقی کی کوئی گنجائش نہیں، لیکن بدقسمتی سے کچھ نا سمجھ لوگوں نے پاکستان کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی ہے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے چہرے کو غلط طریقے سے پیش کرنے کے اجمقانہ فعل کے مرتکب ہوئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی سہ پہر کریسنٹ آرٹ گیلری کی جانب سے فیریئر ھال میں منعقدہ تین روزہ آرٹ ورکشاپ سیزن ٹو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کا اصل چہرہ اج اس تاریخی فیریئر ھال کے لان میں دیکھا جا سکتا ہے ، جہاں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان بچے، بچیاں اور بڑی عمر کے فنکار اپنے فن کی مختلف جہتوں سے ہمیں روشناس اور اپنے شاندار فن کو اجاگر کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں ۔ ادب ، شائستگی اور بالخصوص خواتین کا احترام ہماری ثقافت کا اہم جز رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج پاکستان میں کیا سکھایا جا رہا ہے کہ اگر کوئی آپ کی مخالفت کرے اور آپ کے مؤقف سے اتفاق نہ کرے تو اس کو گالی کیسے دی جائے اور ان کے خاندان کو کن ناموں سے پکارا جائے ۔ ان سے سڑکوں اور بیرون ملک میں کس طرح کا رویہ اپنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ساری چیزیں جو بتائی جا رہی ہیں یہ ہمارے ملک کی ثقافت نہیں ۔ یہ کم عقل اور نا سمجھ لوگوں کا شروع کیا گیا تماشا ہے اور اس تماشے کو بالخصوص سوشل میڈیا پر فروغ دیا جا رہا ہے ۔ شرجیل اانعام میمن نے کہا کہ ہمیں نیا پاکستان نہیں اصل پاکستان چاہیے جس پاکستان کا چہرہ آج کی اس نمائش میں پیش کیا گیا ہے ۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ اصل پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کریں اور محبت ، بھائی چارے اور امن کے پیغام کو پیھلائیں ۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ تین روزہ آرٹ نمائش کے آرگنائزرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ جنہوں نے بہترین کاوش کی اور پاکستان کے ہر علاقے سے آرٹسٹوں کو مدعو کیا ہے، پاکستان بھر سے آرٹسٹ جو یہاں آئے ہیں مل کر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں دنیا کی سب سے بڑی پینٹنگ کا فن پارہ بنایا جا رہا ہے، جوکہ پاکستان کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہمیشہ اس قسم کے پروگرامز کی ہمت افزائی کی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا ہے اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آج اہم دن ہے کہ پاکستان کے آرٹسٹوں نے مل کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے اور دنیا کی سب سے بڑی پینٹنگ بنائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آرٹسٹ صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس رنگا رنگ نمائش کے آرگنائزر کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ۔ اس ایونٹ میں مختلف پروگرام منقعد کئے گئے جس میں نہ صرف پاکستان بھر سے فنکاروں نے شرکت کی ، بلکہ غیر ملکیوں نے بھی گہری دلچسپی لی ہے ۔ اس موقع پر صوبائی وزراء نے دنیا کی سب سے بڑی 240 فٹ پینٹنگ بنانے پر خیبر پختوانخوا کے ساجد علی اور ان کی ٹیم کو 15 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا ۔ جبکہ قمر ، عبداللہ صدیقی، طالب نقوی ۔فتح ہالیپوٹو، سحر شاہ رضوی اور دیگر آرٹسٹس کو شاندار کارکردگی پر ایوارڈ پیش کئے۔ اس سے قبل صوبائی وزراء نے آرٹسٹ گیلری کا دورہ کیا اور مصوروں کے بنائے گئے پن پاروں کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر کریسنٹ آرٹ گیلری کے سی ای او ناصر جاوید ، کیوریٹر سدرہ جاوید اور کورآڈینٹر مس فرح نے انہیں تفصیلی آگاہی دی۔