اسلام آباد وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے توقع ظاہر کی ہے کہ یوکرین کے عوام موجودہ بحران سے جلد نکلیں گے، پاکستان یوکرین میں جاری جنگ کے حوالہ سے شدید تحفظات رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یوکرین کو امدادی سامان بھیجنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یوکرین کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہیں، جنگ کے باعث یوکرین میں بڑی تعداد میں شہری بے گھر ہو چکے ہیں، یوکرین کی ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے۔ وزیر مملکت برائے خارجہ نے کہا کہ امدادی سامان یوکرین کے عوام کے ساتھ پاکستان کا اظہار یکجہتی ہے۔
اس موقع پر یوکرین کے سفیر نے کہا کہ یوکرین کے عوام کو اس وقت جنگ کا سامنا ہے ، مشکل وقت میں مدد پر پاکستان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کی دوسری کھیپ یوکرین بھیجی جا رہی ہے۔