کراچی( کامرس رپورٹر )
نیشنل بینک آف پاکستان نے ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقدہ پاکستان انٹر نیشنل میری ٹایم نمائش و کانفرنس میں بھرپور حصہ لیا۔نیشنل بینک کی ٹیم نے علاقہ میں بلیو اکنامی کی سپورٹ کیلئے حکومتی اور نجی شعبہ کیلئے تنوع،شمولیت اور مالی امکانات سے متعلق اپنے پیغام پر بریفنگ دی۔کانفرنس کے شرکاء اور بین الاقوامی اداروں نے نمائندوں نے اس موقع پر نیشنل بینک کی شرکت اور کوششوں کو سراہا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری،وفاقی وزیر برائے بحری امور سید فیصل سبزواری،چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی،حکومت سندھ کے سیکریٹری انوسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ سید منصور عباس رضوی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک بی ایس سی محترمہ فریال اسلم اور دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداران نے ایکسپو سینٹر کراچی میں سندھ انٹر پرائزز ڈ ڈیولپمنٹ فنڈ کے زیر اہتمام فنانس پویلین میں نیشنل بینک کے اسٹال کا دورہ کیااور بینک کی کاوشوں کو سراہا۔نیشنل بینک کے صدر رحمت علی حسنی نے اس موقع پر کہا کہ ”پاکستان انٹر نیشنل میری ٹائم نمائش و کانفرنس اس خطےمیں سمندر سے متعلق ممکنہ مارکیٹوں میں مالیاتی سہولیات کے حوالے سے ایک اہم ایونٹ ہے،ہم اس تین روزہ کانفرنس و نمائش کے انعقاد پر پاک بحریہ اور وزارت بحری امور کو سراہتے ہیں،جنہوں نے انتہائی کامیابی کے ساتھ دنیا کی معیشتوں کو ایک جگہ جمع کیا۔“
اس موقع پر نیشنل بینک کی انکلوسیو ڈیولپمنٹ گروپ کی گروپ ہیڈ محترمہ نوشابہ شہزاد نے بلیو فنانسنگ کی ضرورت پر زور دیا۔پاکستان میں حکومتی شعبہ کا سب سے بڑا کمرشل بینک،نیشنل بینک زرعی،ایس ایم ای اور کمرشل شعبوں کو مصنوعات اور خدمات کی ایک وسیع رینج فراہم کرتا ہے۔بینک مارکیٹ میں رسائی اور معیشت کے ترجیحی شعبوں میں ترقی کی رفتار بڑھانے کیلئے پروڈیوسرز،پروسیسرز،بر آمد کنندگان اور مالیاتی اداروں کو باہم جوڑنے والی ویلیو چینز بنا رہا ہے او ر انہیں تقویت دے رہا ہے۔نیشنل بینک کے تحت یہ سرگرمیاں انکلو سیو ڈیولپمنٹ گروپ کی قیادت میں کی جارہی ہیں،جو اعلیٰ تجارتی صلاحیت کے حامل غیر محفوظ شعبوں کی مالی شمولیت پر توجہ مرکوز کررہا ہے۔ اس نمائش میں 142سے زائد نمائش کنندگان شریک تھے،جس میں 120مقامی اور22بین الاقوامی کمپنیاں شامل تھیں،جبکہ بحرین،چین،سعودی عرب،قطر،عمان،ترکی،برطانیہ،اٹلی،جرمنی،امریکا،اور ملائیشیا سے بین الاقوامی وفود اور دیگر مندوبین بھی موجود تھے۔