اسلام آباد (نمائندہ خصوصی وکی پیڈیا کی بندش پر وفاقی وزی آئی ٹی سید امین الحق کی زیر صدارت وزارتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر شریک ہوئے ،سیکرٹری آئی ٹی محسن مشتاق، ممبر لیگل، ممبر ٹیلی کام اور پی ٹی اے حکام بھی شریک ہوئے۔ سید امین الحق نے کہاکہ کسی بھی ویب سائٹ کی بندش سے قبل وزارت آئی ٹی سے مشاورت لازمی ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ویب سائٹ بندش کا مطلب ڈیجیٹل دنیا سےرابطہ منقطع اورسماجی ومعاشی نقصان کرنا ہے۔ سید امین الحق نے کہاکہ ہم ایسے کسی بھی اقدام کے مخالف ہیں جس سےملک کی تعمیرترقی کاعمل مفلوج ہوتا ہو۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عوام میں شعوربیدار کیا جائے کہ وہ غیر اخلاقی اور مذہبی منافرت پر مشتمل ویب سائٹس کا وزٹ نہ کریں۔ وزیر قانون نے کہاکہ پی ٹی اے حکام کسی جانب سے ملنے والی ہدایات پر وزارت قانون و انصاف سے تجویز طلب کرسکتے ہیں۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ قانون میں ایسی ترامیم کی ضرورت ہے جس سے ویب سائٹ کی مکمل بندش کوئی نہ کرسکے۔ سید نوید قمر نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت پروکی پیڈیا کوکھولنےاورمستقبل میں ایسے اقدامات کی روک تھام کی تائید کرتے ہیں۔