کراچی(نمائندہ خصوصی) عالمی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 50 روپے فی کلو کمی کے باوجود ملک میں ایل پی جی کی قیمت میں 15روپے فی کلو مزید اضافہ کر دیا گیا۔چیئرمین ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق گیس مافیا نے 15روپے فی کلو کر دیا جس کے نتیجے میں گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 177 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 681 روپے کا اضافہ ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری قیمت 264 روپے فی کلو ملک میں کسی جگہ بھی دستیاب نہیں، ملک بھر میں قیمت 340 سے 360 اور پہاڑوں پر 400 روپے میں فروخت جاری ہے۔عرفان کھوکھر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے احکامات ہوا میں اڑا دیے گئے جبکہ وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے۔ اوگرا اور چیف سیکریٹری پنجاب نے پیٹرول اور ایل پی جی کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی لیکن پھر بھی ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ کا بازار گرم ہے۔چیئرمین ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن نے کہا کہ من مانی قیمت پر ایل پی جی فروخت ہو رہی ہے اور اوگرا خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں یومیہ 5000ٹن ایل پی جی فروخت ہو رہی ہے، ایل پی جی انڈسٹری کو ٹیکس فری کیا جائے اور مقامی پیداوار بڑھائی جائے۔چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایشیا کا سب سے بڑا پلانٹ جے جے وی ایل چلایا جائے جو نہ صرف پاکستان کی ضرورت کو پورا کرے گی بلکہ بیرون ملک سے زر مبادلہ بھی لایا جا سکتا ہے۔ سالوں سے خسارے میں مبتلا سرکاری گیس کمپنی کو ایل پی جی کی اجارہ داری نے بچایا ہوا ہے۔پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمت میں 100 روپے تک کا خودساختہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیاہے کہ ملک میں پیٹرول ڈیزل کے مصنوعی بحران کے بعد ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ عروج پر پہنچ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں70 سے100 روپے تک کا خودساختہ اضافہ کر دیا گیا۔ مختلف شہروں میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 310 روپےتک پہنچ گئی۔دوردراز پہاڑی علاقوں میں ایل پی جی 360 روپےفی کلومیں فروخت ہونے لگی۔ گلگت بلتستان میں ایل پی جی 410 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ ایل پی جی ایسوسی ایشن نے قیمتوں میں خودساختہ اضافے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر مملکت پیٹرولیم قیمتوں میں خود ساختہ اضافے پر مافیا کیخلاف ایکشن لیں۔ایل پی جی کا گھریلوسلینڈر مختلف شہروں میں 3ہزار 658 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔اوگرا کی جانب سے جنوری کیلئے ایل پی جی کی فی کلوقیمت 204 روپے مقرر ہے اور ایل پی جی کے گھریلو سلینڈر کی قیمت 2ہزار 412 روپے مقرر کی گئی ہے۔