اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)زلزلے کے جھٹکے محسوس کریں تو اپنے ہوش وحواس قابو میں رکھیں۔ خوفزدہ ہو کر بغیر سوچے سمجھے بھاگنے ،اوپر کی منزل سے چھلانگ لگانے اور چیخنے چلانے سے پرہیز کریں۔
زلزلہ آنے کی صورت میں اگر آپ گھر میں موجود ہیں تو فوری طور پر ہاتھوں اور پیروں کے بل زمین پر بیٹھ جائیں اور کسی میز کے نیچے پناہ لے لیں اور اسے ایک ہاتھ سے پکڑ لیں، زلزلے کے جھٹکے رکنے تک وہاں سے باہر نہ نکلیں۔
زلزلے کے جھٹکوں کے دوران بھاگنے سے گریز کریں۔
زلزلے کے دوران گھر میں موجود بھاری فرنیچر کے قریب نہ جائیں اور دوری ہی اختیار کریں، زلزلے کی وجہ سے وہ فرنیچر آپ پر گر بھی سکتا ہے، اس کے علاوہ شیشے کی کھڑکیوں سے گزرنے کی کوشش ہر گز نہ کریں، زلزلے کی وجہ سے شیشہ ٹوٹ کر آپ کو لگ سکتا ہے۔زلزلے کی صورت میں لفٹ کا استعمال ہر گز نہ کریں کیونکہ اس کے جام ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔اگر آپ زلزلے کے وقت گھر سے باہر ہیں تو فوراً کھلی جگہ پر چلے جائیں، اونچی عمارتوں اور بجلی کے تاروں کے قریب بالکل نہ جائیں کیونکہ زلزلےکی وجہ سے وہ گر سکتی ہیں اور آپ ملبے تلے پھنس سکتے ہیں۔
اگر آپ گاڑی میں موجود ہیں تو زلزلہ آنے کی صورت میں اپنی گاڑی کو روک لیں، کسی پل یا عمارت کے قریب گاڑی کھڑی کرنے سے پرہیز کریں، اس بات کا دھیان رہے کہ پل، فلائی اوور کے اوپر یا نیچے نہ ہوں اور نزدیک بجلی کے تار، کھمبے، ٹاور یا اشتہاری ہورڈنگ نہ ہوں