کراچی( نمائندہ خصوصی ) نیشنل بینک کرکٹ ایریناکراچی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ 8 کے میچز کے حوالے سے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کے کانفرنس ہال میں سیکیورٹی کوآرڈینیشن کاایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایونٹ کے آغاز سے قبل سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے کی۔ ایس ایس پی سیکیورٹی- II سید سلمان، ایس ایس پی عرفان بہادر، ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر، ایس ایس پی اسپیشل برانچ عرفان مختیار بھٹو، ایس پی ایس ایس یو اظہر مغل، ایس پی مدگار- 15 حفیظ الرحمان، ایس پی ایس ایس یو ڈاکٹر نجیب، ایس پی گلشن کامران خان، اسسٹنٹ کمشنر سول لائنزعبدالحنان، پاک فوج، رینجرز اور پی سی بی کے سینئر افسران سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔ایس پی ایس ایس یواظہرمغل نے شرکاء کو سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی کہ سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکار جن میں ایس ایس یو کمانڈوز، ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس،اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار نیشنل بینک کرکٹ ایریناکراچی، کراچی ایئرپورٹ، راستوں، ہوٹلوں، پریکٹس گراؤنڈزاور دیگر مختلف علاقوں میں سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ حساس مقامات پر ماہر نشانہ بازبھی تعینات کیے جائیں گے۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی نے ٹیموں اور تماشائیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم کیا اورہدایات کیں کہ ایونٹ پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام تروسائل کو بروئے کار لایا جائے۔