لاہور ( نمائندہ خصوصی ) ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان سمیت جنوبی وسطی ایشائی ممالک میں زلزلے کی پیشگوئیاں گردش کرنے لگیں۔محکمہ موسمیات نے پاکستان میں زلزلے سے متعلق پیش گوئیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ، پاکستان کی فالٹ لائنز میں کوئی مماثلت نہیں۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیرگردش زلزلے سے متعلق پیشنگوئیوں کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں، پاکستان کا اپنا اسٹیٹ آف دی آرٹ مانیٹرنگ سسٹم ہے جو ترکیہ، شام کی صورتحال اور آفٹر شاکس مانیٹر کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دوتہائی آبادی فالٹ لائن پر ہے، 2005ءاور 2013ءمیں انہی فالٹ لائنز پر زلزلے آئے تھے جس کے باعث شدید جانی و مالی نقصان برداشت کرنا پڑا تھا، پاکستان میں کشمیر، شمالی علاقہ جات، بلوچستان، سبی سمیت نارتھ، ایسٹ زون فالٹ لائنز پر ہیں۔خیال رہے کہ تباہ کن 7.9شدت کے زلزلے سے شام اور ترکیہ میں 4500سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ملبے سے لاشیں اور زخمیوں کو نکالنے کا سلسلہ ابھی جاری ہے، جس کی وجہ سے اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے