اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بین الپارلیمانی یونین کے صدر دوآرتے پاشیکونے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بین الپارلیمانی یونین کو مزید متحرک بنانے اور ادارہ جاتی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ آئی پی یو کے صدر انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کی روڈ سیفٹی کے حوالے سے 8 فروری سے شروع ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں شرکت کے لئے پاکستان کے دورے پر ہیں۔انہوں نے آئی پی سی کے اس اقدام کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ روڈ سیفٹی جدید دور میں انتہائی اہم ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اس وقت علاقائی سطح پر رابطہ کاری کو بڑھانے اور زمینی راستوں کے ذریعے کاروبای و معاشی نقل وحمل پر زور دے رہا ہے۔ روڈ سیفٹی ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس کے لئے سب کو مل کر کام کرناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی سی نے اس موضوع کی اہمیت کومحسوس کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ بین الاقوامی سیاسی قیادت اور ماہرین کے تجربات سے بھی استفادہ کیاجائے اور مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے حکمت عملی تیار اور سفارشات مرتب کی جائیں۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان آئی پی یو کے مشن کے مطابق امن، جمہوریت، انسانی حقوق، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے فروغ کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر جن چیلنجز کا سامنا ہے ان میں روڈ سیفٹی بھی خاصی اہمیت اختیار کرتی جا رہی ہے۔روڈ سیفٹی مجموعی ترقیاتی عمل میں کافی اہمیت رکھتی ہے اور مسئلہ عالمی نوعیت کا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمنٹرینز عوام کو آگاہی دے سکتے ہیں۔ چیئر مین سینیٹ نے مہمان کو ایوان بالا کے آئینی اور قانونی کردار، انتخاب کے طریقہ کار اور اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں سینیٹر برائے مہمان داری سینیٹر فیصل سلیم رحمان، سیکرٹری سینیٹ قاسم صمد خان اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔