اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ مجھے حکومتی نمائندوں نے فون پر زبانی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی،حکومت کا رویہ غیر آئینی ہے ، ملک سنگین بحرانوں کا شکار ہے ، اس وقت یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ۔حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کو کل جماعتی کانفرنس میں زبانی کلامی دعوت نامہ بھجوانے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہاکہ مجھے کل حکومتی نمائندوں نے فون پر زبانی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی،کانفرنس کی دعوت دینے کا یہ بالکل بھی مناسب طریقہ نہیں ہے۔اسد قیصر نے کہاکہ اے پی سی میں دعوت دینے کا ایک احسن طریقہ کار ہوتا ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ ملک سنگین بحرانوں کا شکار ہے،اس وقت یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کا رویہ غیر آئینی ہے،ایسے ماحول میں یکجہتی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کو سب سے پہلے اپنے رویوں میں سدھار لانا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے اپنے دورِ حکومت میں دہشتگردی پر بہتر حکمت عملی اپنائی،امن قائم کیا۔ انہوںنے کہاکہ ہماری ہر پالیسی پاکستان کے مفاد کی پالیسی تھی۔ انہوںنے کہاکہ ہم امن کے لئے اپنے تمام اختلافات بھلانے کے لئے تیار ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپنے طرزعمل کو بہتر بنائے۔