اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )مرکزی سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کے نتیجے میں پورا خطہ متاثر ہو سکتا ہے،مجھے گرفتار کرنے کا مقصد تحریک انصاف کی صفوں میں خوف پھیلانا تھا،ملک میں اس وقت بدترین مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں،عوام مشکلات میں ہیں ،اگر ظلم کے خلاف بات نہیں کریں گے تو اپنے ہم وطنوں سے غداری کریں گے،افغانستان کے تعاون اور بہتر کردار کے بغیر دہشتگردی پر قابو نہیں پایا جا سکتا،جنگ کبھی بھی مسائل کا حل نہیں ہوتی،دہشتگردی پر بہتر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ غیر ملکی چینل کو انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ مجھ پر بغاوت کا مقدمہ بنا کیونکہ میں نے الیکشن کمیشن کے جانبدار کردار پر بات کی۔ انہوںنے کہاکہ مجھے میرے گھر سے صبح 3 بجے اٹھایا گیا،دہشتگردوں جیسا سلوک کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ میرے چہرے کو کالے کپڑے سے ڈھکا گیا،تضحیک آمیز سلوک کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ مجھے گرفتار کرنے کا مقصد تحریک انصاف کی صفوں میں خوف پھیلانا تھا۔ انہوںنے کہاکہ پہلے بھی ہمارے لیڈران کو اٹھایا گیا،ان پر تشدد ہوا اور تضحیک کا نشانہ بنایا گیا،پاکستان میں اس وقت آئین اور انسانی حقوق معطل کر دئیے گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان پر اس وقت برما یا شمالی کوریا کی طرز کی حکومت مسلط ہے۔انہوںنے کہاکہ جو کچھ ہمارے ساتھ ہو رہا ہے لگتا ہے سیاسی دشمنی ذاتی دشمنی میں بدل چکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ برسرِاقتدار زرداری و شریف خاندان نے ایک دوسرے کے خلاف ہمیشہ انتقامی کارروائیاں کیں۔ سابق وزیر نے کہاکہ تحریک انصاف ایک عام آدمی اور مڈل کلاس کی جماعت ہے،ہم نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان ایک ایسے لیڈر ہیں جنہوں نے ہمیشہ وفاق کو جوڑ کر رکھا،جو صورتحال درپیش ہے اس میں عمران خان کی گرفتاری کا بھی خدشہ ہے۔