کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے استنبول (ترکیہ) میں پاکستان کے سفیر جنید یوسف سے ملاقات کی۔اس موقع پر قونصل جنرل نعمان اسلم بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاک ترکیہ باہمی تعلقات، ترکیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل، ترکیہ کے سرمایہ کاروں کی صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ترکیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے ترکیہ کے متعلقہ اداروں سے قریبی رابطہ رکھا جائے۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی سفارت خانہ کی مدد سے ملک کی مزید بہتر خدمت کرسکتی ہے۔