ملتان (نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آر گنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ باجوہ صاحب جب ریٹائر ہوئے تو انہوں نے لوگوں سے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ ہم سے عمران خان جیسا بلنڈر ہوا ہے، صرف بلنڈر کرنے کا اعتراف کافی نہیں اس فتنے کو اٹھا کر سیاست سے باہر پھینکنا پڑے گا، یہ بلنڈر نہیں سانپ تھا جو پانچ کے ٹولے نے پالا تھا، اب یہی سانپ پانچ کے ٹولے کو ڈس رہا ہے،نوازشریف اور شہباز شریف کو شدید احساس اور تکلف ہے مہنگائی ہے ،جب بھی نوازشریف کی حکومت آئی مہنگائی کم ہوئی ، پاکستان کے 75سال میں نواز شریف کے 9سال نکالو تو کھنڈرا کے سوا کچھ نہیں بچتا، نوازشریف نے 2016میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تھا ،معاہدہ عمران خان کر کے گیا ،جاتے جاتے معاہدے کو پھاڑ کر اور بھی زیادہ تباہی کر کے گیا،دو دو گھنٹے کی گرفتاریوں میں یہ بچوں کی طرح بلک بلک کر رو رہے ہیں، ان پر ترس ٓتا ہے، اگر نواز شریف سے حکومت کرنی نہیں سیکھی تھی تو اپوزیشن کرنی ہی سیکھ لیتے،پہلی بار بے فیض ہوئے ہیں تو ان کو سمجھ نہیں آ رہی ،اگر جیلیں بھرنی ہیں تو سب سے پہلے اپنی ضمانتیں منسوخ کراواور پھر آو۔ اتوار کویہاں مسلم لیگ(ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے، نواز شریف اور شہباز شریف کو شدید احساس اور تکلیف ہے کہ آج مہنگائی ہے، آپ کے گھروں میں مشکلات ہیں، میرا آپ کے ساتھ دھڑکتا ہے تاہم آپ سب کو پتا ہے کہ یہ مہنگائی کس کی عطا کی ہوئی ہے۔مریم نواز نے کہاکہ قوم گواہ ہے کہ جب جب نواز شریف کی حکومت آئی، تب تب پاکستان نے بلندیوں کا سفر کیا، ہر بار جب نواز شریف کی حکومت آئی تو مہنگائی بھی کم ہوئی، پاکستان میں ترقی بھی آئی، بڑے بڑے منصوبے بھی آئے اور آج میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ پاکستان کے 75سال میں نواز شریف کے 9سال نکالو تو کھنڈرا کے سوا کچھ نہیں بچتا۔انہوںنے کہاکہ 2013 میں بھی نواز شریف کو اجڑا ہوا پاکستان ملا تھا، ہچکولے کھاتی ہوئی معیشت ملی تھی لیکن 2013 سے 2017 تک جب نواز شریف وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھا تھا تو تاریخ گواہ ہے کہ نہ بجلی کی قیمت بڑھی، نہ آٹے کی قیمت بڑھی، چار سال نہ چینی کی قیمت بڑھی نہ تیل کی قیمت بڑھی۔مسلم لیگ(ن) کی رہنما نے کہا کہ 75سال کی تاریخ میں مسلم لیگ(ن) کی واحد حکومت رہی جس میں چار سال آٹا 35روپے کلو رہی، چینی 50 سے 55 روپے کلو رہی اور گھی 140 روپے کلو رہا، وہ بھی وقت تھا کہ روٹی دو روپے اور پانچ روپے کی ملتی تھی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے معاہدے سے قیمتیں نہیں بڑھتیں، نواز شریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تھا لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ ایک معاہدہ عمران خان بھی کر کے گیا، آج ہمیں جو قیمتیں بڑھانی پڑ رہی ہیں وہ اس معاہدے کی وجہ سے ہیں جو عمران خان کر کے گیا اور جاتے جاتے اس معاہدے کو پھاڑ کر اور بھی زیادہ تباہی کر کے گیا۔انہوںنے کہاکہ آج آئی ایم ایف کہتی ہے کہ عمران خان نے جو دھوکا دیا اس کی وجہ سے ہم آپ کی بات نہیں سنیں گے، پہلے قیمتیں بڑھاو¿ اس کی بعد بات سنیں گے، اگر آئی ایم ایف کی بات سنیں تو مہنگائی ہوتی ہے اور اگر آئی ایم ایف کی بات نہ سنیں تو ملک دیوالیہ ہونے کو آ جاتا ہے، ہمارے ہاتھ اس آئی ایم ایف کے معاہدے نے باندھے ہیں تاہم عمران خان کو تو نواز شریف سے ترقی کرتا ہوا پاکستان ملا تھا، وہ اس کو کھنڈر میں تبدیل کر کے چلا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ ہمیں تو 2022 میں اجڑا ہوا پاکستان ملا ہے تاہم عمران خان کی طرح ہم چار سال یہ نہیں روئیں گے کہ پچھلی حکومت کر گئی، ہم آپ کو حقائق ضرور بتائیں گے مگر ساتھ آپ کو یہ بھی بتائیں گے کہ جس طرح نواز شریف نے ہر بار قوم کو اللہ کے فضل سے مشکل سے نکالا، اس بار بھی نواز شریف پاکستان کو نکال کر لے جائے گا۔