راولپنڈی( نمائندہ خصوصی )آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا ہے کہ بھارت نے 75 سالوں سے مقبوضہ کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ جما رکھا ہے۔ ہندوستان اقوام متحدہ اور کشمیری عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال 05اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کے بعد بدترین رخ اختیار کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کو کشمیری عوام نے یکسر مسترد کر دیا۔ ہندوستانی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ مسلم کانفرنس ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہے اور کشمیریوں کی ہرفورم پرمکمل حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی کے حصول کے لئے جاری جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہے گی ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرے۔7 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں پر مظالم ڈھائے ہیں اور انہیں ان کے حقوق سے محروم رکھا ہوا ہے، آج مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ فوجی تعیناتی والے علاقوں میں سے ایک ہے جہاں 9 لاکھ سے زیادہ قابض بھارتی فوج تعینات ہیں۔ کشمیری مسلسل خوف میں زندگی بسر کر رہے ہیں کیونکہ ہندوستانی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں میں طاقت کے اندھا دھند استعمال اور ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری ہے، کشمیریوں کو غیرقانونی حراست، تشدد اور جائیدادوں کی ضبطی کا سامنا ہے۔ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ختم کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے بصورت دیگر جنوبی ایشیائ میں امن خطرے میں پڑسکتا ہے۔