پشاور ( نمائندہ خصوصی)
تانڈہ ڈیم آپریشن میں زندہ بچ جانے والے افراد نے آرمی چیف اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے ضلع کوہاٹ میں واقع تانڈہ ڈیم میں گزشتہ ماہ کشتی بان سمیت 57 بچے ڈوب گئے تھے، تاہم 5 بچوں کو بچالیا گیا تھا، بچ جانے والے افراد میں امین اللہ ، محمد طاہر ، محمد شاہ زیب ، مصطفی اور محمد عزیز شامل ہیں۔
امین اللہ نے کہا کہ میں واقعے کے وقت کشتی میں سوار تھا، کشتی الٹنے کے بعد میں اور میرے ساتھی تیرتے ہوئے کنارے کی طرف پہنچنے کی کوشش کرتے رہے، میں راستے میں بے ہوش ہوگیا اور جب ہوش آیا تو اپنے آپ کو کنارے پر پایا، میں آرمی چیف کا انتہائی شکر گزار ہوں کہ ان کی وجہ سے آخری بچے کی باڈی ملنے تک آپریشن جاری رہا۔
محمد طاہر کا کہنا تھا کہ میں سارے اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں خاص طور پر آرمی چیف کا جنکی کوشش سے ہمارے آخری دوست کو بھی ڈیم سے نکال لیا گیا۔
پاک فوج کا تانڈہ ڈیم میں ڈوبے والے طلبا کی تلاش کیلیے جاری آپریشن مکملپاک فوج کی طرف سے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے لیفٹیننٹ کرنل عبداللہ نے کہا کہ جب سانحہ کی اطلاع ملی تو میں اور میری ٹیم موقع پر پہنچے اور ابتدائی ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔لیفٹیننٹ کرنل عبداللہ نے کہا کہ آرمی چیف کی خصوصی ہدایت پر ریسکیو آپریشن آخری باڈی کے مل جانے تک جاری رہا، میں اور میری ٹیم ایس ایس جی کے غوطہ خوروں کے ساتھ ڈیم کے اندر لگاتار کام کرتے رہے اور مل جانے والی باڈیز کو کنارے پر ایمبیولینس تک پہنچاتے رہے۔لیفٹیننٹ کرنل عبداللہ نے مزید کہا کہ اللہ کی مدد سے ہمارا یہ آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا، پاک فوج وقت پڑنے پر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
کیپٹن وقار (ایس ایس جی) کا کہنا تھا کہ ہمیں تانڈا ڈیم میں مدرسہ اسٹوڈنٹس کی کشتی ڈوبنے کی اطلاع ملی، ہمارے غوطہ خوروں نے فوری طور پر جاۓ وقوعہ پر پہنچ کر آپریشن کا آغاز کیا، ہم نے ڈوبنے والوں کی باڈیز کو نکال کر ورثاء کے حوالے کیا، یہ لوگ ہمارے لوگ ہیں اور ہم انکو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے۔