دبئی( نمائندہ خصوصی/ نیٹ نیوز /مانٹرنگ ڈیسک ) سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف انتقال کرگئے ہیں۔سفارتی ذرائع نے سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف کے انتقال کی تصدیق کی ہے، پرویز مشرف طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرعلاج تھےسابق صدر کے اہلخانہ نے بھی سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف کے انتقال کی تصدیق کردی ہے، اہلخانہ کے مطابق پرویز مشرف کا آج علی الصبح دبئی میں انتقال ہوا۔
خاندانی ذرائع نے تصدیق کی ہےکہ پرویزمشرف کو کراچی میں سپردِ خاک کیا جائےگا۔
سابق صدر پرویز مشرف گیارہ اگست 1943 کو دہلی میں پیدا ہوئے تھے، ان کا انتقال 79 سال کی عمر میں ہوا۔جنرل (ر) پرویز مشرف 7 اکتوبر 1998 کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے تھے، 12 اکتوبر 1999 کو وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہٹا کر چیف ایگزیکٹو بنے اور بعد ازاں اپریل 2002 میں ریفرنڈم کراکے باقاعدہ صدر پاکستان منتخب ہوئے۔سال 2004 میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے پرویز مشرف باوردی صدر منتخب ہوئے، پرویز مشرف 18 اگست 2008 کو مستعفی ہوکر ملک سے باہر چلےگئے تھے۔سابق صدر پرویز مشرف کے انتقال پر
صدرِ مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔
عارف علوی نے پرویز مشرف کے لیے دعائے مغفرت کی اور ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔اس کے علاوہ وزیر اعظم شہبازشریف نے پرویز مشرف کی وفات پر اظہارِ تعزیت کیا اور ایک بیان میں کہا کہ مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ان کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور درجات بلند کرے اور غمزدہ خاندان کو صبرجمیل عطا کرے۔دریں اثناء پاکستان کی عسکری قیادت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف نے پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پرویز مشرف سابق صدر، سابق جوائنٹ چیفس اور آرمی چیف رہے، اللہ مرحوم جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کو غریق رحمت کرے اور اللہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے پسماندگان کو صبر و ہمت دے۔اس کے علاوہ نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ترجمان پاک بحریہ نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کہا اللہ پرویز مشرف مرحوم کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
قبل ازیں سابق صدر و آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کی میت پاکستان لے کر جانے کیلئے اہل خانہ کی جانب سے قونصل خانہ دبئی میں درخواست کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پرویزمشرف کی میت لینے کیلئے پاکستان سےطیارہ کل صبح دبئی پہنچےگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی طیارہ نور خان ائیربیس سے دبئی کے المکتوم ائیرپورٹ پہنچے گا۔صدرآل پاکستان مسلم لیگ امارات کا کہنا تھا کہ پرویزمشرف کی میت دبئی سے پاکستان کل روانہ کردی جائےگی۔
دوسری جانب خاندانی ذرائع نے تصدیق کی ہےکہ پرویزمشرف کو کراچی میں سپردِ خاک کیا جائےگا، پرویز مشرف کی والدہ دبئی اور والد کراچی میں مدفون ہیں۔