اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی رہنماﺅں کے جیل کے بعد حوصلے اور ہمت کا موازنہ پیش کر دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی رہنماﺅں کے جیل کے بعد حوصلے اور ہمت کا موازنہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری 3دن، اعظم سواتی 4دن اور شہباز گل 27دن جیل میں رہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف 374دن، شہباز شریف 340دن، شاہد خاقان عباسی 222دن، مریم نواز 158دن، حمزہ 627دن، رانا ثناءاللہ 174دن اور مفتاح اسماعیل کو 142دن جیل میں گزارنے پڑے۔جاری کی گئی ویڈیو میں مسلم لیگ (ن )کے رہنماﺅں کو دوران قید حوصلے کا مظاہرہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ تحریک انصاف کے رہنماﺅں کو قید کے دوران روتے ہوئے دکھایا گیا۔خواجہ آصف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سیاسی ورکروں اور رہنماﺅں کو اپنے نظریات اور عقائد کے تقدس کےلئے حوصلہ بلند ، ہمت جوان اور عزم و وقار کے ساتھ آزمائش کا مقابلہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ اقتدار کے نشے میں سیاست کی آزمائشوں کو بھولنا نہیں چاہیے۔