اسلام آباد(کامرس رپورٹر )پاکستان میں ملائشیا کی براہ راست سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔
سرمایہ کاری بورڈ اورسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکراپریل 2022 تک کی مدت میں ملائشیا کی جانب سے پاکستان میں 70.8 ملین ڈالرکی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 96.66 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملایشیا کی جانب سے پاکستان میں 36 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی تھی۔
اپریل 2022 میں پاکستان میں ملایشیا کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 2.6 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں پاکستان میں ملائشیا کی پورٹ فولیوسرمایہ کاری کاحجم منفی 2 لاکھ ڈالرریکارڈکیاگیا۔
واضح رہے کہ جاری مالی سال میں پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 1.570 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.66 ارب ڈالرتھا