اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے شہباز شریف کی جانب سے ایپکس کمیٹی میں کی گئی گفتگو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ شہباز شریف کو خیبرپختونخوا پولیس کے متعلق ایسی گفتگو سے گریز کرنا چاہیے تھا۔امپورٹڈ وزیراعظم شہباز شریف کی ایپکس کمیٹی اجلاس میں گفتگو پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی و رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ شہباز شریف کی جانب سے ایپکس کمیٹی میں کی گئی گفتگو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شہباز شریف کو خیبرپختونخوا پولیس کے متعلق ایسی گفتگو سے گریز کرنا چاہئے تھا۔اسد قیصر نے کہاکہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا صوبہ متاثر ہوا،تحریک انصاف کے دور میں دہشت گردی پر موثر انداز میں قابو پایا گیا۔ اسد قیصر نے کہاکہ ہمارے دور میں کوئی بم دھماکے،خودکش حملے یا دہشت گردی کے واقعات نہیں ہوئے ،دہشت گردی سے متعلق تحریک انصاف کی پالیسی کامیاب رہی۔ اسد قیصر نے کہاکہ مراد سعید سمیت تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی قیادت بڑھتی ہوئی دہشت گردی سے متعلق مسلسل آگاہ کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی توجہ دہشتگردی کے خاتمے پر بالکل بھی مرکوز نہیں ،امپورٹڈ حکومت کا رویہ فسطائیت پر مبنی ہے،مخالفین کو دبانے کی سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں۔ اسد قیصر نے کہاکہ امپورٹڈ حکومت نے خیبر پختونخوا کے فنڈز روک لیے،230 ارب روپے واجب الادا ہیں،ملک کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اسد قیصر نے کہاکہ ہم ملک کی بہتری کے لیے اپنی ذاتی رنجشیں بھلانے کو تیار ہیں حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔