اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عالمی ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس رپورٹ 2022 تحریک انصاف کے بیانیہ کے تابوت میں آخری کیل ہے۔ عمران خان اور تحریک انصاف کا کرپشن کے حوالے سے بیانیہ صرف تقریروں اور مشہوری تک محدود تھا۔ ان کے چار سالا دور حکومت میں کرپشن کم نہیں بلکہ مسلسل بڑھتی رہی۔ ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے پاکستان کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں 117ویں نمبر پر تھا۔ عمران خان کے اقتدار کے دوران پاکستان 2019میں 120ویں، 2020میں 124ویں اور 2021میں 140ویں نمبر پر آگیا۔ تحریک انصاف کے بدترین دور اقتدار کی وجہ سے پاکستان اس فہرست میں 140ویں نمبر پر پہنچ گیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ "صاف چلی شفاف چلی”کرپشن سرے عام چلی۔ ان کی کرپشن کی وجہ سے پاکستان کرپشن انڈیکس میں مجموعی طور پر 23 درجے اوپر چلا گیا۔ انہوں نے مخالفین پر جھوٹے کیسز بنائے جبکہ خود میگا کرپشن اسکینڈلز میں ملوث رہے۔اب عمران خان دعوی کرتا ہے کہ ان کے دور میں کوئی کرپشن اسکینڈل سامنے نہیں آیا!۔