اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کی اطلاعات کی ان کے ترجمان نے تردید کردی۔سابق وزیراعظم کے ترجمان حافظ عثمان عباسی نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے استعفیٰ کی خبر بے بنیاد ہے۔تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور ملک کی بہتری کیلئے ری امیجننگ پاکستان کے فورم سے پاکستان کی فلاح و بہبود کا پیغام پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی سینئر رہنماﺅں سے مشاورت کے بغیر مریم نواز کو پارٹی میں اعلیٰ عہدہ دینے پر نالاں تھے۔مذکورہ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے مریم نواز کو عہدہ دینے کے اگلے روز استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوایا تھا جو تاحال قبول نہیں کیا گیا۔تردیدی بیان میں رہنما مسلم لیگ (ن) کے ترجمان کا نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کے سینئر نائب صدر ہیں، جب مشکل حالات میں پارٹی نہیں چھوڑی تو آج کیوں چھوڑیں گے۔