لاہو ر(نمائندہ خصوصی) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ و سابق وزیر شیخ رشید احمد نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف اپنے الزامات پر گرفتاری کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے نائب صدر راجہ عنایت الرحمان نے میرے خلاف تھانہ آبپارہ میں درخواست دی ہے کہ میں نے آصف علی زرداری کے خلاف عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگایا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ مجھے میڈیا کے ذریعے آج (بدھ ) 5بجے تھانہ آبپارہ طلب کیا گیا، میں نے اپنے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ کے ذریعے جواب داخل کرایا، ایس ایچ او نے میرے وکیل کو کہا اوپر سے آرڈر ہے وکیل کے ذریعے بیان نہ لیا جائے تاکہ شیخ رشید کو گرفتار کیا جائے اور ایس ایچ او جواب لینے سے انکاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کی رٹ نمبر 213/22کے مطابق میرے خلاف کسی بھی قانونی کارروائی سے پہلے عدالت کو اعتماد میں لیا جائے، وکیل کے ذریعے جواب دینا میراقانونی حق ہے جس سے ایس ایچ او انکاری ہے۔قبل ازیں اپنی ایک ٹوئٹ میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پشاور دھماکے میں انسانی جانوں کے نقصان پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور پولیس لائنز میں ہونے والا خودکش دھماکا اور انسانی شہادتوں پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا، میری دعائیں اور نیک تمنائیں شہید خاندانوں کے ساتھ ہیں، اللہ انکو صبر جمیل عطا کرے اور شہدا کے درجات بلند کرے۔سابق وزیر کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی پاکستان کو دہشتگردی سے محفوظ فرمائے اور ملکی وغیر ملکی سازشوں سے محفوظ رکھے۔