ترکی کے ایک اسکول میں بچوں کے ساتھ ایک بلی بھی طالبعلم ہے جس کو اسکول انتظامیہ کی جانب سے اسٹوڈنٹ کارڈ بھی جاری کیا گیا ہے۔
اسکول کے بہت سے درجے ہوتے ہیں، کچھ صنفی بنیادوں پر ہوتے ہیں، کچھ کو ایجوکیشن جہاں لڑکے اور لڑکیاں ایک ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہیں لیکن ایک اسکول ایسا بھی ہے جہاں ایک عام پالتو جانور کو دیگر بچوں کی طرح طالبعلم کا درجہ حاصل ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو نے لوگوں کی توجہ سمیٹ لی ہے جس میں ایک بلی کو اسکول کے بچوں کے ساتھ ایک کلاس روم میں بیٹھے دکھایا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ترکی کے شمال مغربی صوبے برسا میں ایک آوارہ لیکن خوبصورت بلی گھومتی پھرتی بچوں کے اسکول کی ایک کلاس میں آگئی اور صرف آ نہیں گئی بلکہ اس کو یہ کلاس روم اور بچے اتنے اچھے لگے کہ وہ روزانہ کلاس روم میں آکر بیٹھنے لگی۔
اسکول انتظامیہ نے جب بلی کا یہ جذبہ دیکھا تو انہوں نے بھی بلی کو اسکول میں باقاعدہ داخلہ دے کر اسٹوڈنٹ کارڈ بھی جاری کردیا، صرف یہی نہیں بلکہ بچوں اور اساتذہ نے اس انوکھی طالبہ کا پیارا سا نام بھی رکھ دیا اور اب اسے ’’کارامل‘‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔