غزہ(نیٹ نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک )اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے فلسطین سے تعلق رکھنے والی 31 سالہ خاتون صحافی غفران ہیرن وراسنہ جاں بحق ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے بدھ کے روز فلسطینی صحافی غفران ہیرن کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا جب وہ مقبوضہ فلسطین کے مغربی شہر ہیبرون میں اپنے مقامی میڈیا نیٹ ورک کے دفتر جارہی تھیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ 31 سالہ غفران کو العروب پناہ گزین کیمپ کے قریب گولی ماری گئی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکڑوں کی جانب سے انہیں مردہ قرار دیا گیا۔
ایک نامعلوم عینی شاہد نے فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کو بتایا کہ غفران مین روڈ کی طرف چل رہی تھیں کہ ایک فوجی چوکی پر تعینات دو سپاہیوں نے انہیں اپنے قریب آنے کو کہا لیکن اس سے پہلے کہ وہ جاتیں ان میں سے ایک نے انہیں گولی مار دی۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ایک حملہ آور،چاقو سے لیس خاتون فوجی اہلکار کی طرف بڑھی جو معمول کی حفاظتی سرگرمیاں انجام دے رہا تھا۔ تاہم جوابی کارروائی کرتے ہوئے فوجی نے فائرنگ کی۔اطلاعات کے مطابق غفران ہیرن نے اس ہفتے مقامی خبر رساں ایجنسی ڈریم میں شمولیت اختیار کی تھی اور بدھ کو نئی ملازمت پر ان کا تیسرا دن ہونا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ الجزیرہ کی ممتاز خاتون صحافی شیریں ابو اقلاح مغربی کنارے پر رپورٹنگ کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئی تھیں۔