کراچی( بیورو رپورٹ )
تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں ذیزل اور پیٹرول کی شدید قلت ہے اور خدشہ ہے کہ اگر حکومت نے بروقت مناسب فیصلے اور اقدامات نہ کئے تو ٹریفک کا پہیہ رک سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن پیٹرولیم کمپنیوں کے پاس ذیزل اور پیٹرول موجود بھی ہے وہ بھی فی لیٹر 35 روپے نقصان پر فروخت کرنے میں رضامند نہیں اور سپلائی کا نظام درہم برہم ہے۔ پی ایس او کے پاس پیٹرولیم مارکیٹ کا 65% بزنس ہے لیکن پی ایس او بھی اپنے ڈیلرز کو ڈیزل پیٹرول فراہمی میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اس سلسلے میں فوری طور پر فیصلے اور اقدامات کئے جائیں اور درگزر کرنے سے قوی امکان ہے کہ چند روز میں ٹرانسپورٹ کا پہیہ رک جائے گا اور ملک میں فیول نایاب ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نجی پیٹرولیم کمپنیاں آخر کس طرح نقصان پر پیٹرولیم بزنس جاری رکھ سکیں گی؟ اسی لئے وفاقی حکومت فوری طور پر اس سلسلے میں فیصلے کرے۔