کراچی( کرائم رپورٹر)پشاور دھماکے کے بعد آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے مساجد ،امام بارگاہوں سمیت دیگر مذہبی مقامات پر سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔تفصیلات کے مطابق پشاور دھماکے کے بعد اسلام آباد،راولپنڈی ، لاہور ،سندھ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے سندھ پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیے ، جس میں کہا ہے کہ مساجد ،امام بارگاہوں سمیت دیگر مذہبی مقامات پر سیکیورٹی سخت کی جائے۔غلام نبی میمن نے ہدایت کی پیٹرولنگ،اسنیپ چیکنگ کو سخت بنایا جائے اور داخلی اور خارجی روٹس پرچیکنگ ،ناکہ بندی کو غیرمعمولی بنایا جائے۔آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کیساتھ بھی مسلسل روابط رکھے جائیں۔اس سے قبل وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے، اور سیف سٹی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختون خوا کے شہر پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور 150 افراد زخمی ہو گئے جبکہ دھماکے سے مسجد کا ایک حصہ شہید ہو گیا۔