اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )بیرون ملک نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کی قائم کردہ کمیٹی نے سفارشات تیار کر لیں۔وزارت تجارت ذرائع کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کا کوٹہ 20 سے کم کر کے 10 فیصد کرنے اور کامرس اینڈ ٹریڈ کے سوا باقی گروپس کے افسران کی تعیناتی محدود کرنے کی سفارش کی گئی۔کمیٹی نے گریڈ 18 میں کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ کیلیے 60 فیصد کوٹہ مختص کرنے، گریڈ 19 میں کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ کیلئے 50 فیصد کوٹہ رکھنے، گریڈ 20 میں کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ کیلئے 40 فیصد کوٹہ مختص کرنے کی سفارش کر دی۔ذرائع کے مطابق تحریری و دیگر ٹیسٹ کیلئے سلیبس کی ذمہ داری وزارت تجارت کو دینے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ کمیٹی اپنی یہ سفارشات جلد منظوری کیلئے وزیر اعظم کو پیش کرےگی، نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا عمل وزیر اعظم کی منظوری کے بعد شروع ہوگا۔