کراچی(نمائندہ خصوصی ) صوبائی وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار شاہ نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے یوتھ فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 64فی صد نوجوانوں کی ہے لیکن بدقسمتی سے اس آبادی کو مد نظر رکھ کر پالیسی ترتیب نہیں دی ہمیں اس طرف توجہ دینا ہو گا۔ آرٹس کونسل میں احمد شاہ نوجوانوں کے لیے یوتھ فیسٹیول منعقد کر کے ملک میں اہم کام کر رہے ہیں ہمیں دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے ایسے پروگرام کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں بھی منعقد کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف ڈاکٹر اور انجینئر ہی کامیاب انسان نہیں بلکہ ایک اچھا گلوکار، بھی کامیاب انسان ہو سکتا ہے۔ سردار شاہ نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں ساڑھے سات سو میوزک اور آرٹ استادوں کی آسامیاں تخلیق کی ہیں آرٹس کونسل کے جو نوجوان اس کے معیار پر پورا اتریں گےان کا انتخابات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں پاکستان کا اصل چہرہ سامنے لانے کے لیے تیزی کے ساتھ اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بچوں کی کونسلنگ کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے اور مستقبل کے انتخاب کے لیے ان کی رائے کو ترجیح دی جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کے یوتھ فیسٹیول میں متوسط طبقہ کے نوجوان کو دیکھ کر خوشی ہوئی یہی نوجوان ملک کا سنہرہ مستقبل ہیں۔اس موقع پر انہوں نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور اراکین گورننگ باڈی کے ہمراہ یوتھ فیسٹیول کے مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والے نوجوانوں میں دو دو لاکھ روپے کے چیک اور شیلڈ بھی تقسیم کئے۔