اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پاکستان نے ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے انتہائی احمقانہ اور جارحانہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اسلام فوبیا کے شکار افراد کی جانب سے چند روز قبل سویڈن میں بھی اسی طرح کی حرکت کی گئی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ متعدد بار اس طرح کے نفرت انگیز اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذہبی منافرت پھیلانے اور تشدد پر اکسانے کےلئے آزادی اظہار کے حق کا غلط استعمال کی جارہا ہے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی اس قانونی فریم ورک پر بھی سوالیہ نشان ہے، جس کے پیچھے مذہبی منافرت پھیلانے والے چھپتے ہیں، جب دنیا کو امن کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے، ایسے وقت میں عالمی برادری نفرت پھیلانے والوں سے آنکھیں بند نہیں کرسکتی۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ آزادی اظہار رائے ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے، حکومت اور بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ اسلاموفوبیا اور نسل پرستی کے واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ واقعہ سے متعلق پاکستان کے تحفظات ڈنمارک کے حکام کو پہنچائے جارہے ہیں۔پاکستان نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور دنیا کے تمام مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھا جائے اور اس طرح کے اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز کارروائیوں کو روکنے کے لیےاقدامات کیے جائیں۔