کراچی (نمائندہ خصوصی )وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اس بات کا پابند ہے کہ وہ انتخابات قانون کے مطابق کرائے اور قانون کے مطابق شکایات سنیں اور فیصلہ کرے۔ الیکشن کمیشن، بلدیاتی ایکٹ اور آئین پاکستان کے مطابق کوئی بھی انتخاب ہوجائے اور اس پر کوئی اعتراض پر پٹیشن یا درخواست صرف متعلقہ امیدوار ہی دائر کرسکتا ہے۔ الیکشن کمیشن بہت اچھے انداز میں کام کررہا ہے، لیکن جماعت اسلامی کے دباﺅ پر وہ اپنے آپ کو متنازعہ نہ بنائے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے جن یوسیز کے نتائج غیر قانونی طور پر روکے ہیں انہیں فوری جاری کیا جائے، اس وقت جن یوسیز پر انتخابات مکمل ہوچکیں ہیں اس پر مخصوص نشستوں کا اعلان کیا جائے۔ ہماری ریڈ لائن پاکستان اور اس کے اداروں کی سالمیت ہے اور عمران نازی ان سب کا دشمن ہے۔ سانحہ کیماڑی کے واقعہ میں ملوث فیکٹریاں غیر قانونی ہیں اور محکمہ محنت میں رجسٹرڈ نہیں ہیں، ایسی تمام فیکٹریاں سیل کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے محکمہ صحت و دیگر ادارے ہلاکتوں اور متاثرین کے حوالے سے رپورٹ مرتب کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، نجمی عالم، محمد آصف خان، علی احمد اور ایڈووکیٹ تصدق ندیم بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے 15جنوری جیسے پرامن الیکشن کا انعقاد ممکن بنایا اور یہ ایسے انتخابات تھے جو میں نے اپنی زندگی میں نہیں دیکھا۔