لاہور( نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز آج( ہفتہ) کے روز وطن واپس پہنچیں گی ، مریم نواز لندن سے دبئی پہنچی تھیں جہاں وہ ایک روز قیام کے بعد وطن واپس آرہی ہیں ، مسلم لیگ (ن) کی جا نب سے مریم نواز کی وطن واپسی پر پرتپاک استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ، لیگی رہنما کو ایک بڑے جلوس کی صورت میں ائیر پورٹ سے ان کی رہائشگاہ جاتی امراءرائے ونڈ لایا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز اپنے علاج اور والد محمد نواز شریف سے ملاقات کے لئے ماہ اکتوبر میں لاہور سے لندن کےلئے روانہ ہوئی تھیں ، اس وقت یہ اعلان کیا گیا تھا مریم نواز ایک ماہ قیام کے بعدنومبر میں وطن واپس پہنچ جائیں گی تاہم اس میں تاخیر ہوتی گئی ۔ مریم نواز اپنے والد کے ہمراہ لندن سے جنیوا بھی گئیںجہاں ان کے گلے کا آپریشن ہوا جس کے بعد ان کی دوبارہ لندن واپسی ہو ئی ۔ لندن میں قیام کے دوران ہی پارٹی کی جانب سے انہیں پارٹی کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر کا عہدہ بھی تفویض کیا گیا ۔ مریم نواز نے تین ماہ 20 روز بیرو ن ملک قیام کے بعد وطن واپس آرہی ہے ہیں اور واپسی پر ان کے پرتپاک استقبال کےلئے تیاریاں کی گئی ہیں۔ شیڈول کے مطابق مریم نواز دوپہر دو بجے لاہور کے ائیر پورٹ اتریں گی جہاں پارٹی کے سینئر رہنما ان کا استقبال کریں گے ۔بعد ازاں انہیں جلوس کی صورت میں ائیر پورٹ سے ان کی رہائشگاہ جاتی امراءلایا جائے گا۔