اسلام آباد ( کامرس رپورٹر )ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.45 فیصد کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح 32.57ہوگئی اس ضمن میں ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردئیے جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 32.57 فیصد ہوگئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 25 اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 6 اشیاءکی قیمتوں میں کمی اور 20 اشیاءکی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ادارہ شماریات کے مطابق پیاز کی فی کلو قیمت میں 13 روپے سے زائد کا اضافہ ہوگیا، ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 136 روپے تک کا اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق چاول کی فی کو قیمت میں 5 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 18 پیسے کا اضافہ ہوا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 33 روپے تک مہنگا ہوا، دال ماش 3 روپے فی کلو اور دال مونگ 4 روپے فی کلو تک مہنگی ہوئی۔