اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن نا عدالت ہے نا ٹریبونل ہے،آئین کے آرٹیکل 7 کے مطابق صرف وفاقی حکومت کمپلین فائل کرسکتی ہے، دفعہ 124 اے اور 505 کے مطابق آرمی ، ایئر فورس اور نیوی پرچہ درج کرا سکتی ہیں۔تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی عدالت پیشی کے بعد وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آدھی رات کو برسر اقتدار آنے والوں نے صبح عدالتی وقت سے پہلے ملزم کو پیش کیا ،یہ انتظامی شب خون مارنا چاہتے تھے ہمارا موقف یہ ہے کہ فواد چوہدری کو اغوا کیا گیا ہے، پی ٹی آئی اغوا کا مقدمہ درج کرائے گی ۔بابر اعوان نے کہا کہ فواد چوہدری پر بغاوت کی دفعات لگائی گئیں ، 124 اے اور 505 میں لکھا ہوا ہے کہ کونسے ادارے پرچہ کرا سکتے ہیں، اس کے مطابق آرمی ، ایئر فورس اور نیوی پرچہ کرا سکتی ہیں ، ان کی طرف سے کوئی بھی شکایت درج نہیں کرائی گئی ۔ابابر اعوان نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کالعدم قرار دینے کی قانونی کاروائی کریں گے، الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ مشرقی پاکستان والا الیکشن کمیشن نا بنے۔