اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے پاکستان سافٹ ویئر ہاوس ایسوسی ایشن (پاشا) کے وفد نے چیئرمین زوہیب خان کی قیادت میں ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں آئی ٹی انڈسٹری کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کیلئے وزارت آئی ٹی اور پاشا کو باہمی طور پر پہلے سے زیادہ مربوط انداز میں مل کر کام کرنا ہے، اس ضمن میں وزارت آئی ٹی، پاشا اور انڈسٹری کو ماضی کی طرح ہرممکن تعاون و سہولت کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔سید امین الحق نے کہا کہ شک نہیں کہ آئی ٹی انڈسٹری ملک کو اقتصادی بحران سے نکالنے میں نمایاں کردار ادا کرسکتی ہے آئی ٹی انڈسٹری کے مسائل سے مکمل آگاہ ہیں اور کسی قسم کی محکمانہ رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے وہ وزیراعظم کو تمام صورتحال سے جلد آگاہ کریں گے۔ انھوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ انڈسٹری کے مسائل کے حل تک ہر ممکن کوششیں جاری رکھیں گے۔قبل ازیں چیئرمین پاشا زوہیب خان نے آئی ٹی انڈسٹری کیلئے انتھک محنت اور غیر معمولی تعاون پر وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا شکریہ ادا کیا۔ زوہیب خان نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے باوجود حکومت کے دیگر محکمے اور ادارے آئی ٹی انڈسٹری سے تعاون نہیں کررہے، اور مسائل کے حل کیلئے ان اداروں کی جانب سے کوئی سنجیدہ کوششیں تاحال نظر نہیں آئی ہیں، اس صورتحال میں وزیر اعظم کے 15 ارب ڈالر ایکسپورٹ سمیت دیگر اہداف تک پہنچنا انتہائی مشکل ہوجائے گا۔ لاقات میں ممبر آئی ٹی سید جنید امام، جوائنٹ سیکریٹری آفتاب رشید اور پاشا کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن خرم راحت موجود تھے۔