جڑانوالہ( نمائندہ خصوصی )الیکٹرانک پاکستانی پاسپورٹ کی فیس کا اعلان کردیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ 5 سالہ میعاد کے 36 صفحات کے عام پاسپورٹ کی فیس 9 ہزار روپے ہوگی جبکہ ارجنٹ پاسپورٹ کی فیس 15 ہزار روپے ہوگی۔ای پاسپورٹ صرف اسلام آباد سے جاری کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 10 سالہ میعاد کے 36 صفحات والے عام ای پاسپورٹ کی فیس 13,500 روپے جبکہ ارجنٹ پاسپورٹ کی فیس 22,500 روپے ہوگی۔72 صفحات کے عام ای پاسپورٹ کی فیس 24,750 روپے اور ارجنٹ پاسپورٹ کی فیس 40,500 روپے ہوگی۔ الیکٹرانک پاسپورٹ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی بائیو میٹرک چپ سے لیس ہوگا جس میں متعدد سکیورٹی فیچر شامل ہیں۔الیکٹرانک پاسپورٹ بین الاقوامی معیار کے مطابق پاکستانی شہریوں کو سفر کے دوران جلد اور سہل امیگریشن میں مدد فراہم کرے گا۔جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی بدولت الیکٹرانک پاسپورٹ کی نقل بھی ناممکن ہوگی۔