اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )سیلاب کے باعث بند کی گئی گرین لائن ٹرین کو سپیریئر سروس کے طور پر(کل) جمعہ سے دوبارہ چلایا جا رہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف 27 جنوری کی دوپہر مارگلہ اسٹیشن اسلام آباد میں گرین لائن ٹرین کا افتتاح کریں گے۔ محکمہ ریلوے کے مطابق گرین لائن ٹرین میں اعلی معیار کی سہولیات دی جائیں گی جس میں ناشتہ، کھانا، بیڈنگ، یوٹیلیٹی پیک اور ہائی ٹی شامل ہوں گی۔ تمام سہولیات مفت میں فراہم کی جائیں گی، یہ سہولیات پاکستان کی کسی اور ٹرین میں میسر نہیں ہیں۔ گرین لائن ٹرین کی مختلف کیٹیگریز کا کرایہ ان سہولیات کے پیش نظر رکھا گیا ہے اور دوسری ٹرینز سے تقابلی مطابقت رکھتا ہے۔ گرین لائن پاکستان کی آرام دہ ترین سواری ہوگی۔ گرین لائن ایکسپریس چین سے درآمد شدہ نئی کوچز اور بہترین انتظامات کے ساتھ اسلام آباد تا کراچی اپنے سفر کا آغاز کرے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف 27 جنوری کی دوپہر مارگلہ اسٹیشن اسلام آباد میں گرین لائن ٹرین کا افتتاح کریں گے۔ ٹرین مارگلہ اسٹیشن اسلام آباد سے دوپہر 3 بجے روانہ ہو کر اگلے روز دوپہر 2 بجکر 20 منٹ پر کراچی پہنچے گی۔ ٹرین کی اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 9450 روپے، اے سی پارلر کا کرایہ 8500 روپے، اے سی اسٹینڈرڈ کا کرایہ 7550 روپے اور اکانومی کلاس کا کرایہ 4200 روپے ہے۔