کراچی(نمائندہ خصوصی) شہرقائد کے علاقے اورنگی ٹاﺅن میں قائم گھر کے اندر آگ بھڑکنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جھلس گئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں اورنگی ٹاﺅن کے علاقہ منصور نگر سیکٹر ساڑھے گیارہ گلی نمبر 2 میں قائم گھر کے اندر آگ بھڑکنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جب کہ ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئیں۔ایس ایچ او اقبال مارکیٹ امین مغل نے بتایا کہ بشیر نامی شخص کے گھر میں اہلخانہ نے سردی سے بچنے کے لیے چولہا جلایا ہوا تھا، اس دوران قریب رکھی ہوئی پیٹرول کی بوتل گری جس کی وجہ سے فوری آگ بھڑک اٹھی اور قریب رکھی ہوئی چارپائی سمیت دیگر سامان میں آگ بھڑک اٹھی۔آگ کو بجھانے میں گھر کا سربراہ 58 سالہ محمد بشیر 30 فیصد تک جھلس گیا جبکہ اس کے 3 بیٹے 16 سالہ سفیان 40 فیصد، 18 سالہ حسن 100 فیصد، 28 سالہ ذیشان 70 فیصد، بیٹی 20 سالہ سونیہ اور بشیر کی بہو نورین زوجہ زیشان 60 فیصد تک جھلس کر زخمی ہوگئی جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کردیا گیا جبکہ گھر میں لگنے والی آگ اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت بجھا دی۔ایدھی ذرائع کے مطابق جھلس کر زخمی ہونے والی نورین دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی، خاتون کی میت کو سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔