کراچی(نمائندہ خصوصی) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کراچی سمیت سندھ بھر کی عوام نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دھرنوں کی سیاست کرنے والوں کو رد کر دیا ہے کراچی اور حیدرآباد کونسل کی قیادت جیالے میئر کرینگے جس سے ترقی کا تسلسل جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہاکہ صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے کے الیکشن میں عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کیا اب وہی کامیابی کا تسلسل حیدرآباد ڈویژن اور کراچی ڈویژن میں بھی جاری رہا حیدرآباد ڈویژن میں پہلی مرتبہ واضح برتری اور کراچی ڈویژن میں بھی پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہوئی ہے، کراچی کی عوام نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور عوام نے دھرنوں کی سیاست کو رد کرتے ہوئے مثبت اقدامات کو دیکھا،بلاول بھٹو زرداری نے جب سے پارلیمانی سیاست کا آغاز کیا تب سے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں ان کو اتنا کہوں گا کہ لوگوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف امید دیکھی، بلدیہ ٹاﺅن اور ملیر میں جب الیکشن ہوئے تو عوام نے پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ کیا لوگوں نے تعمیری سیاست اور ترقی کو ووٹ دیا۔