اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)عالمی ای کامرس کنسلٹنگ ایجنسی یؤرٹاسکر نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں صحافیوں اور تاجروں کیلئے ایک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا۔ ورکشاپ میں شرکاء کو اپنے کاروبار اور یوٹیوب چینلز کو مؤثر طریقے سے بہتر بنانے اور اپنے اہداف تک پہنچنے کیلئے ایمازون اور یوٹیوب کا استعمال کرنے کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
یؤرٹاسکر کے پیشہ وارانہ ماہرین؛ ذیشان ریاض اور نوازش تواب نے ورکشاپ کا آغاز کیا اور صحافیوں اور تاجروں کو ڈیجیٹل دور میں ابھرتے ہوئے رجحانات کے بارے میں گہرائی سے سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن پرانے طریقوں پر حاوی ہوتی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ہر کسی کیلئے نئی ٹیکنالوجیز کی معلومات اورمہارت حاصل کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ذیشان ریاض، چیف آپریٹنگ آفیسر یؤرٹاسکر کا کہنا تھا کہ ”ہم نے ایمازون اوریوٹیوب مارکیٹنگ کے عملی طریقہ کار پر تفصیلی بات کی اور ان کی مختلف خصوصیات کا جائزہ لیا، جس کا مقصد صحافیوں اور تاجروں کو ان پلیٹ فارمز کے بہترین استعمااور پالیسیز کو سمجھنے میں مدد کرنا ہے“۔ورکشاپ میں ایمازون پر کام کرنے کی حکمت عملی، انوینٹری مینجمنٹ، پی پی سی ایڈورٹائزنگ، ایمازون ایف بی اے ہول سیل، اور یوٹیوب چینلز کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ ذیشان اور نوازش نے تفصیلاً ان اصطلاحات پر گفتگو کی۔ذیشان ریاض نے یؤرٹاسکر، نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر منعقدہ ورکشاپ کی کامیاب تکمیل کے بعد صحافیوں اور تاجروں میں اسناد بھی تقسیم کیں۔