اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق صدر آصف علی زر داری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں صحت کے بے پناہ مسائل ہیں، امراض قلب کا ایک جدید ہسپتال تعمیر کیا جائے گا۔پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے پارلیمانی اور تنظیمی وفد کی قائد حزب اختلاف و صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ کی قیادت میں سابق صدر آصف علی زرداری سے زرداری ہاوس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی وفد میں پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری انجینئر محمد اسماعیل ،سینئر نائب صدر جمیل احمد،پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی و صوبائی سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش ،نائب صدر بشیر احمد،رکن اسمبلی غلام شہزاد آغا ،رکن کونسل ایوب شاہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ عتیق الرحمٰن ہمراہ تھے انہوں نے اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کی خیریت دریافت کی اور ملکی سیاست میں ان کے مثبت کردار کو سراہا ملاقات میں وفاقی اور صوبائی سطح پر سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفت و شنید ہوئی۔اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام ہمارے دل کے بہت قریب ہیں پیپلزپارٹی اور گلگت بلتستان کا مضبوط رشتہ ہے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی سمیت وہاں کے آئینی ،انتظامی اور دیگر مسائل کو حل کرنے کے لئے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مثبت اقدامات اٹھائے ہیں اور آئندہ بھی پیپلز پارٹی کو موقع ملا تو گلگت بلتستان کو آئینی حقوق فراہم کرنے سمیت وہاں کے بنیادی حقوق کی فراہمی کےلئے موثر اور سنجیدہ اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صحت کے بے پناہ مسائل ہیں بالخصوص امراض قلب کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے وہاں پر امراض قلب کا ایک جدید ہسپتال تعمیر کیا جائے گا جو پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت طرف سے وہاں کو عوام کے لئے تحفہ ہوگا۔