اسلا م آباد( نمائندہ خصوصی )وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 25 جنوری کو ازبکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ دورے میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 26 ویں وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے، جس کی صدارت سیکرٹری جنرل ای سی او خسرو نظیری کر رہے ہیں، اجلاس میں پالیسی سازی کے طور پر ای سی او کے سالانہ ورک پلان کی منظوری بھی دی جائے گی۔اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ و قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، اس کے علاوہ بلاول بھٹو افغانستان پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے، تاشقند سمٹ میں پاکستان، ایران اور بھارت سمیت 20 سے زائد ممالک شرکت کریں گے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی ازبک صدر اور ازبک قائم مقام وزیر خارجہ سے بھی ملاقات متوقع ہے، ملاقاتوں میں خطے کی باہمی منسلکی، علاقائی ممالک میں تعاون کے فروغ، پاک ازبکستان باہمی تعلقات سمیت افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔