اسلام آباد۔ (نمائندہ خصوصی نیٹ نیوز):وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق کی زیرصدارت پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے 51 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس منگل کو وزارت کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں آئی ٹی برآمدات اور آئی ٹی کمپنیوں کو کیشں ریوارڈز کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ایڈیشنل سیکرٹری (انچارج ) وزارت آئی ٹی محسن مشتاق بھی اجلاس میں موجود تھے۔ چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاوسز ایسوسی ایشن بدر خوشنود نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کو جائن کیا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے ہدایت جاری کیں کے آئی ٹی انڈسٹری کو کیشں ریوارڈز دینے کے حوالے سے پروسیس کو تیز کیا جائے اور اس حوالے سے ٹائم لائن سیٹ کی جائے۔ اجلاس میں آئی ٹی کمپنیوں اور فری لانسرز کو ایف بی آر و اسٹیٹ بینک سے درپیش معاملات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کی وجہ سے پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ اور بیرونی سرمایہ کاروں پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے پاکستان سافٹویئر ایکسپورٹ کے سافٹ سکلز پروگرامز کی تعریف کی اور اس کے حکام کو ہدایت کی اپنے پروگرامز میں خواتین کے تناسب کو بڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانا وزارت آئی ٹی کا اہم موٹو ہے۔اس سے پہلے مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ عثمان ناصر نے پی ایس ای بی کے سافٹ سکلز پروگرامز بشمول آئی ٹی انڈسٹری بوٹ کیمپ پروگرام، آئی ٹی انڈسٹری-ایکڈیمیہ بریج پروگرام، سافٹ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام، کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔اجلاس میں ریاض ،سعودی عرب میں پاکستان ایمبیسی میں سیلز لانچ پیڈ کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔